پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے آئندہ سال سے ’’کمبائنڈ آن لائن ایڈمیشن سسٹم‘‘ شروع ہو جائیگا ‘چوہدری محمدسرو ر

حکومت ہر ضلع میںیونیورسٹیوں کے قیام کیلئی10سالہ منصوبہ بنا چکی ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کامیاب معاشی پالیسوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے‘گورنر پنجاب

جمعہ دسمبر 19:48

پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے آئندہ سال سے ’’کمبائنڈ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے آئندہ سال سے ’’کمبائنڈ آن لائن ایڈمیشن سسٹم‘‘ شروع ہو جائیگا اور ہماری حکومت صوبے کے ہر ضلع میںیونیورسٹیوں کے قیام کیلئی10سالہ منصوبہ بنا چکی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کامیاب معاشی پالیسوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔

وہ جمعہ کے روز گور نر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک ،وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ضیاء اللہ قیوم ،وائس چانسلرگور نمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر شاہد کمال اور دیگر وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وائس چانسلرز سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت نے پنجاب بھر میں یونیورسٹیوں کے قیام کا 10 سال روڈمیپ بنا لیا ہے جس میں پنجاب کے ہر ضلع کے لئے ایک یونیورسٹی اور ڈویژن لیول پر ایک بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنائی جائے گی اس منصوبے کے تحت پہلے سال میں آٹھ یونیوسٹیوں پر کام ہو رہا ہے اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار یونیورسٹیز میں وائس چانسلر ز سے لیکر نیچے تک تمام تقر ریاں 100فیصد میرٹ کے مطابق ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ یونیورسٹیز میں میرٹ اور شفافیات کو یقینی بنائیں اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے اس کی بدولت پاکستان معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑا ہو رہا ہے اور معیشت کے عالمی ادارے بھی پاکستان کی بھر پور سپورٹ کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے یہا کہ انشااللہ پاکستان کو معاشی سمیت دیگر بحرانوں سے مکمل نجات دلانے سمیت قوم سے کیے جانیوالے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔