ڈالر کی قیمت 150 روپے کی سطح تک آ جانے کا امکان

آنے والے ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ مزید مستحکم ہونے کا امکان، مارچ 2020 کے آخر تک ڈالر کی قیمت ڈیڑھ سو روپے تک گر جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 دسمبر 2019 19:08

ڈالر کی قیمت 150 روپے کی سطح تک آ جانے کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر 2019ء) ڈالر کی قیمت 150 روپے کی سطح تک آ جانے کا امکان، آنے والے ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ مزید مستحکم ہونے کا امکان، مارچ 2020 کے آخر تک ڈالر کی قیمت ڈیڑھ سو روپے تک گر جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق آنے والے ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ تین سے چار ماہ میں ڈالر کی قیمت کم ہو کر 150 روپے تک آ جائے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مستحکم روپیہ مرکزی بینک کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ مارکیٹ میں دستیاب اضافی ڈالر ذخیرہ کرے اور ملک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر بڑھائے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے مسلسل ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کچھ ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت 163 روپے سے کم ہو کر 154 روپے کی سطح تک آ چکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پچھلے چھ ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ساڑھے پانچ فیصد یعنی تقریباً 9 روپے 7 پیسے مستحکم ہوا ہے۔ جبکہ اس وقت کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مذید کم ہوکر 154.98 روپے پر آ چکی ہے جوکہ گزشتہ چھ ماہ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی کم ترین شرح ہے۔ موجودہ ٹرینڈ برقرار رہے تو پاکستانی روپیہ مارچ 2020 کے آخر تک ڈالر کے مقابلے میں 150 روپے کی سطح تک تک آ جائے گا۔

مارکیٹ میں ڈالر کی رسد میں اضافہ، پاکستان کی درآمدات میں نمایاں کمی اور برآمدات میں اضافہ اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے روپیہ مجموعی طور پر مستحکم ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں اس کی قدر میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی آنے سے مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔ جبکہ روپے کی قدر کم ہونے سے حکومت کے واجب الادا قرضوں کے حجم میں بھی کمی ہوگی۔