نیب نے احسن اقبال کے خلاف بد عنوانی کی تحقیقات شروع کر دی

احسن اقبال کے ضلع نارووال میں چھاپے مار کر اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں، نیب راولپنڈی کا دعویٰ

ہفتہ 14 دسمبر 2019 17:24

نیب نے احسن اقبال کے خلاف بد عنوانی کی تحقیقات شروع کر دی
روالپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2019ء) قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کیخلاف بھی بد عنوانی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے دعویٰ کیاکہ احسن اقبال کے ضلع نارووال میں چھاپے مار کر اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں۔اطلاعات ہیں کہ نیب راولپنڈی نے سپورٹس سٹی نارووال کا دورہ بھی کیا اور اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع کے مطابق حکام نے سپورٹس سٹی میں تعمیرات کے معیار کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ سپورٹس سٹی نارووال میں تعمیرات نامکمل ہیں۔خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔قومی احتساب بیورو کے مطابق اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اختیارات سے تجاوز کیا۔احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے خلاف قانون تین ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا۔مذکورہ کیس میں ن لیگی رہنما ایک بار نیب کے سامنے پیش ہو کر سوالات کے جواب بھی جمع کرا چکے ہیں، احسن اقبال کے مطابق نیب یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ اسپورٹس سٹی کیوں بنایا گیا۔