Live Updates

وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، چوہدری فواد حسین

اتوار 15 دسمبر 2019 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نہ صرف پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں بلکہ اس وقت وہ پاکستان کے واحد قومی لیڈر ہیں، اپوزیشن کا انہیں ہٹانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب طاقتور لوگوں کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے اور اسی لئے اس پر تنقید کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف کیسز نیب نے بنائے ہیں، کیسز میں تاخیر کی وجوہات کا جواب نیب کے ترجمان ہی دے سکتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نیب ملک میں بدعنوان اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رکھے گا، یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ طاقتور لوگ لوٹ مار کریں اور ان کا احتساب کرنے والا کوئی نہ ہو، اگر اپوزیشن کو اس کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں تو حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر متفقہ طور پر اس کا طریقہ کار طے کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے کچھ اختیارات پر بات ہو سکتی ہے، سینیٹ میں نیب سے متعلق پیپلز پارٹی کی کچھ ترامیم اچھی لائی گئی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ملک سے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے پر اعتماد ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات