قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کی ایچ آئی وی ایڈز اور متعدی امراض پر قابو پانے کے لئے آگاہی سیمینارز منعقد کرانے کی ہدایت

جمعرات 2 جنوری 2020 23:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2020ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز نے وزارت صحت کو ایچ آئی وی ایڈز اور متعدی امراض پر قابو پانے کے لئے بڑے پیمانے پر اور ضلعی سطح پر آگاہی سیمینارز منعقد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین کمیٹی خالد حسین مگسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

کمیٹی نے صوبوں کی جانب سے متعدی امراض کی روک تھام کے حوالے سے مربوط کوششوں کے فقدان پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اراکین کمیٹی نے زمینی حقائق سے اختلاف کرتے ہوئے بعض سروے کو صرف کاغذی کارروائی قرار دیا۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تمام صوبائی صحت کے محکمہ جات کے ڈائریکٹر جنرلز اور پروگرام منیجرز کو بلانے کی ہدایت کی تاکہ معاملے پر تفصیلی بریفنگ لی جا سکے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سکریننگ ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بیماری کے روک تھام کے عالمی فنڈ پروگرام کے تحت تربیت کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے انسانی اعضاء اور ٹشوز کی پیوندکاری سے متعلق ترمیمی بل 2019ء کو موخر کر دیا جبکہ تمباکو نوشی کی ممانعت اور نان سموکرز کے تحفظ سے متعلق ترمیمی بل 2019ء اور اسلام آباد محفوظ انتقال خون سے متعلق بل 2019ء کو بل کے محرک کی عدم موجودگی کے باعث موخر کر دیا۔

اجلاس میں اراکین کمیٹی حیدر علی خان، ناصر خان موسیٰ زئی، راجہ خرم شہزاد نواز، ڈاکٹر نوشین حامد، پروفیسر شہناز نصیر بلوچ، ڈاکٹر نثار احمد چیمہ، ڈاکٹر ثمینہ مطلوب، مہیش کمار ملانی، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، رمیش لال اور شمس النساء کے علاوہ وزارت صحت کے حکام نے شرکت کی۔