پنجاب پاکستان کیلئے فوڈ باسکٹ ہے ،سیکرٹری زراعت

کچن آئٹمز کی قیمتوں کو عام آدمی کی دسترس میں رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے

ہفتہ 4 جنوری 2020 15:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2020ء) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کیلئے فوڈ باسکٹ ہے اور عوام کو زرعی اجناس کی فراہمی کے حوالے سے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی خاطر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زرعی منڈیوں کی اصلاحات کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے کچن آئٹمز کی قیمتوں کو عام آدمی کی دسترس میں رکھنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے ۔

زرعی منڈیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (PAMRA) ایکٹ کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس ایکٹ کے نفاذ کے بعدصوبہ بھر کی تمام مارکیٹ کمیٹیاں نئے نظام کے تحت امور سر انجام دیں گی جس کا مقصد صوبہ بھر میں فروٹ، کریانہ، گرین زون، پُھٹی، فشریز، سبزی، چینی، گُڑ سمیت دیگر اجناس کی الگ الگ مارکیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے کاشتکاروں کو آسانی ملے گی اور صارفین کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ صوبہ میں مارکیٹنگ کے نظام میں بہتری کیلئے پامرا ایکٹ کا نفاذ کیا گیا ہے جس سے کاشتکار صارفین کو براہ راست زرعی اجناس کی فروخت سے مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے میں معاونت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورصوبہ بھر میں 30 سے زائد زرعی منڈیوں اور تمام ماڈل بازاروں میں صارفین کی سہولت کیلئے کسان پلیٹ فارم قائم کیے گئے ہیں جہاں کاشتکار کمیشن و مارکیٹ فیس کی ادائیگی کے بغیربراہ راست صارفین کو تازہ پھل اور سبزیاں فروخت کر رہے ہیں۔ ٹنل فارمنگ کے کاشتکار بھی اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔