ایرانی جنرل کی ہلاکت،امریکا طاقت کا غلط استعمال نہ کرے، چین کا انتباہ

امریکی حملے سے خطے میں کشیدگی اور انتشار پھیلے گا،چینی وزیرخارجہ کا ایرانی ہم منصب کو فون

اتوار 5 جنوری 2020 11:40

ایرانی جنرل کی ہلاکت،امریکا طاقت کا غلط استعمال نہ کرے، چین کا انتباہ
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2020ء) چین نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا کو وارننگ دی ہے کہ طاقت کا بے جا استعمال نہ کیا جائے۔جرمن ریڈیو کے مطابق چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے بغداد میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ایرانی ہم منصب کو فون کیا اور صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وانگ یی نے امریکا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا بے جا استعمال نہ کریں اور معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کریں،ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات چیت کے دوران جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کا خطرناک ملٹری آپریشن بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اقدار کی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی اور انتشار میں اضافہ ہوگا۔