پاکستان سے دبئی کیلئے تمام پروازیں روک دی گئیں

دبئی میں شدید خراب موسم کی وجہ سے پاکستان ائیر ٹریفک کنٹرول کاتمام پروازیں روکنے کا حکم

muhammad ali محمد علی اتوار 12 جنوری 2020 00:23

پاکستان سے دبئی کیلئے تمام پروازیں روک دی گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2020ء) دبئی میں شدید خراب موسم کی وجہ سے پاکستان ائیر ٹریفک کنٹرول نے تمام پروازیں روکنے کا حکم دیدیا۔ بتایا گیا ہے کہ فضائی آپریشن معطل ہونے سے دبئی ائیرپورٹ پر جہازوں کی پارکنگ کی جگہ ختم ہو گئی جبکہ ایندھن بھرنا میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق جب تک دبئی میں موسم اور ائیرپورٹ کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی پروازیں روانہ نہیں کی جائیں گی ۔

پی آئی اے پی کی پرواز233 جولاہور سے دبئی سفر کے دوران راستے میں تھی کو مسقط اتار لیا گیا ہے ۔ترجمان کے مطابق مذکورہ پرواز موسم بہتر ہوتے ہی دبئی بھیج دی جائے گی۔ واضح رہے کہ بارش کے باعث دبئی ایئرپورٹ پانی میں ڈوب گیا اور پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

دبئی ائیرپورٹ حکام کے مطابق رن وے پر پانی بھرنے سے کئی طیاروں کو مناسب پارکنگ بھی نہ مل سکی، جبکہ طیارے اڑان بھرنے یا لینڈنگ کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

اس تمام صورتحال میں جہاں دنیا کی دیگر ائیرلائنز کی دبئی کیلئے پروازیں متاثر ہوئی ہیں، وہیں پی آئی اے کی دبئی کیلئے پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ دوسری جانب دبئی کے محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح کو شہر میں غیر متوقع بارش کا آغاز ہوا جس کا سلسلہ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران صرف ایک گھنٹے میں ہی 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ غیر متوقع اور موسلادھار بارش کے باعث دبئی کے اکثر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔