آرمی ایکٹ بل کی حمایت، شہباز شریف نے وضاحت کیلئے پارٹی اجلاس طلب کرلیا

منگل 14 جنوری 2020 21:31

آرمی ایکٹ بل کی حمایت، شہباز شریف نے وضاحت کیلئے پارٹی اجلاس طلب کرلیا
لاہور/لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2020ء) مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے آرمی ایکٹ بل کی غیر مشروط حمایت کے معاملے پر وضاحت کیلئے رواں ماہ ورکر کنونشن بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابقشہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنمائوں سے رابطہ کیا ہے۔ رابطے کا مقصد پارلیمنٹرین اور پارٹی کارکنوں میں قیادت کی مشاورت کے بغیر آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کی وجہ سے پائے جانے والے خدشات، تحفظات اور غم وغصے کو دور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی ورکر کنونشن بلائیں تاکہ ممبران اسمبلی اور کارکنوں کے اندر پائے جانے والے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔شہباز شریف نے رہنمائوں کو مزید ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو بتائیں کہ پارٹی نے آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کرکے پاک فوج کو بطور ادارہ ناصرف کمزور ہونے سے بچایا ہے بلکہ اس کو مضبوط بنانے کے لئے اس کی حمایت کی ہے۔پارٹی صدر نے رہنمائوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو بتائیں کہ حکومت نے پاک فوج جیسے اہم قومی ادارے کو متنازع بنانے کی بھرپور کوشش کی جس میں وہ ناکام رہی۔ نواز لیگ آج بھی ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر کھڑی ہے۔