عراق میں عین الاسد ایئربیس پر ایرانی حملے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے

پینٹاگون نے ایرانی حملے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی تردید کی تھی، تاہم 11 امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔ امریکی میڈیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 17 جنوری 2020 08:14

عراق میں عین الاسد ایئربیس پر ایرانی حملے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ..
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 17 جنوری 2020ء) عراق میں عین الاسد ایئربیس پر ایرانی حملے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے۔ پینٹاگون نے ایرانی حملے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی تردید کی تھی، تاہم امریکی میڈیا کے مطابق 11 امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عراق میں گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے امریکی ایئربیس عین الاسد پر فضائی حملے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

سی این این نے پینٹاگون کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ عین الاسد ایئربیس پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جانی نقصان سے متعلق مسلسل حوصلہ افزاء بیانات کے باوجود ایرانی حملے میں 11 افراد بری طرح زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو عراق اور شام میں داعش کے خلاف سرگرم عمل ایک امریکی فوجی اتحاد نے بتایا کہ اگرچہ عین الاسد ایئربیس پر ایرانی حملے میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا تھا تاہم متعدد افراد دھماکے کی وجہ سے متاثر ہوئے اور زخمی بھی۔

ایک امریکی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے میں حاضر سروس 11 فوجی زخمی ہوئے تھے۔ ترجمان پینٹاگون نے بھی ایرانی حملے میں امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، اس ضمن میں ترجمان پینٹاگون جوناتھن کا کہ ہے کہ انہوں نے ریکارڈ درست کر لیا ہے، ان کو زخمیوں سے متعلق آج ہی اطلاع موصول ہوئی ہے اور سیکرٹری دفاع کے دفتر کو یہ ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں کہ اس پر فوراََ ایک بیان جاری کیا جائے۔ یاد رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ایئربیس پر حملہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے جذبے سے کیا گیا تھا جسے امریکی ڈرون نے بغداد ایئرپورٹ پر نشانہ بنایا تھا۔ امریکی ایئربیس عین الاسد کو نشانہ بنانے کے ساتھ ہی مقتول جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کر دی گئی تھی۔