تاریخ میں پہلی بارحکومتی بانڈز میں ریکارڈ سرمایہ کاری

حکومتی بانڈز میں 16جنوری کو 53 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، برطانیہ سے ساڑھے45 کروڑ ڈالراور امریکا سے تقریباً8 کروڑڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی، سرمایہ کاری سے روپیہ مزید مستحکم ہوگا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 جنوری 2020 17:12

تاریخ میں پہلی بارحکومتی بانڈز میں ریکارڈ سرمایہ کاری
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 جنوری 2020ء) تاریخ میں پہلی بارحکومتی بانڈز میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی، حکومتی بانڈز میں 16جنوری کو 53 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، برطانیہ سے ساڑھے45 کروڑ ڈالر اور امریکا سے تقریباً8 کروڑڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومتی بانڈز میں ایک ہی روزمیں ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی۔

حکومتی بانڈز میں 16جنوری کو 53کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ جس کے تحت برطانیہ سے ایک روز میں 45 کروڑ 65 لاکھ ڈالر اور امریکا سے ایک روز میں 7کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ ملک میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ششماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 68.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1.34 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 79.68 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اکثر سرمایہ کاری چین اور ناروے کی جانب سے ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور الیکٹریکل مشینری کے شعبوں میں کی گئی اور اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار سے سرمایہ کاروں کی فہرست میں حیران کن طور پر مالٹا کی شمولیت کا انکشاف ہوتا ہے جس نے جولائی سے دسمبر تک 11.11کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی ایک وجہ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں وارد، ٹیلی نار اور زونگ کی جانب سے لائسنس کی تجدید کے لیے جمع کرائی گئی رقم ہے۔

مختلف شعبہ جات کی بات کی جائے تو ٹیلی کمیونیکیشنز کے شعبے میں مجموعی طور پر مالی سال 2020 کی پہلی ششماہی میں 43.2 کروڑ ڈالر کی غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں مجموعی طور پر 12.63 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ٹیلی کام کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی 28.97 کروڑ ڈالر کے ساتھ 41.6 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، ان میں سے آدھی سے زائد 15.3 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس پر کی گئی البتہ جولائی سے دسمبر تک مالیاتی کاروبار میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہو کر 16.21 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 20.02 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کا رجحان دیکھا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق حکومتی قرضوں کی دستاویزات میں ابتدائی 6 ماہ کے دوران غیرملکی پبلک سرمایہ کاری جیسے کہ ٹی بلز اضافے کے ساتھ 45.22 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں جس سے مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 1.811 ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال اسی عرصے میں 3.7 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ملکوں کے اعتبار سے بات کی جائے تو چین بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جس کی جانب سے مجموعی 42.23 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ دوسرے نمبر پر ناروے موجود ہے جس کی جانب سے اسی عرصے میں 28.85 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کی گئی۔