عوام ایک بارپھر مہنگی بجلی کے لیے ہو جائیں تیار

بجلی کی قیمتوں میں 98 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نومبر کے لیے تیار کیا جارہا ہے: ذرائع

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعہ 17 جنوری 2020 20:01

عوام ایک بارپھر مہنگی بجلی کے لیے ہو جائیں تیار
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 17 جنوری 2020) : عوام ایک بارپھر مہنگی بجلی کے لیے ہو جائیں تیار، بجلی کی قیمتوں میں 98 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نومبر کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں 98 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نومبر کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔

سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق سمری نیپرا کو ارسال کر دی، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 29 جنوری کو سماعت کریگی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منظوری کی صورت میں آئندہ ماہ صارفین پر 10 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ سمری میں کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 7 ارب 20 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔

(جاری ہے)

سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ پیدا کی گئی بجلی پر 25 ارب روپے کی لاگت آئی، 9 پیسے فی یونٹ بجلی ٹرانسمیشن لاسز کی نظر ہو گئی، درآمدگی یونٹ سے 10 روپے 5 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کے شعبے میں جاری مالی سال کے دوران 289.7 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا تھا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران اس شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے تاہم جاری مالی سال کے دوران اب تک 289.7 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

تھرمل سے بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کاحجم 54.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پانی سے بجلی کی پیداوار کے شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 82.1 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح کوئلے سے بجلی حاصل کرنے کے منصوبوں میں 80 ملین ڈالر براہ راست سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی تھی۔ دسمبر کے مہینے میں تھرمل کے شعبے میں 7.3 اور پانی سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں 20.7 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔