صوبہ بھر میں انتظامی مشینری متحرک ہے ، کسی کو قیمتوں میں من مانی نہیں کرنے دی جائیگی ‘ مسرت جمشید چیمہ

منگل 21 جنوری 2020 12:29

صوبہ بھر میں انتظامی مشینری متحرک ہے ، کسی کو قیمتوں میں من مانی نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) محکمہ اطلاعات پنجاب کی میڈیا ایڈوائزر ، چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں انتظامی مشینری متحرک ہے اور کسی کو بھی قیمتوں کے معاملے پر من مانی نہیں کرنے دی جائے گی ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس منعقد کر رہے ہیں ، عوام کا استحصال کرنے والوں کی اصل جگہ سلاخوں کے پیچھے ہے .

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت آٹے کا کوئی بحران نہیں اور ہر جگہ آٹا سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت ہو رہا ہے ، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف شکایات کا اندراج کرایا جائے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار چیف سیکرٹری پنجاب کے ذریعے تمام اضلاع کی انتظامی مشینری سے رابطے میں ہیں اور انہیں فیلڈ میں نکلنے کے احکامات دئیے گئے ہیں اور ان سے طلب اور رسد اور قیمتوں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جارہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گراں فروشی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹے گی اور انہیں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے سیاسی فائدے کیلئے بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈے سے باز رہے ،انشا اللہ بہت جلد مہنگائی کی شرح کم ہو گی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا ۔