بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 50 لاکھ 10 ہزار مستحقین مالی امداد حاصل کر رہے ہیں، اعظم سواتی

منگل 21 جنوری 2020 17:12

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 50 لاکھ 10 ہزار مستحقین مالی امداد حاصل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 50 لاکھ 10 ہزار مستحقین مالی امداد حاصل کر رہے ہیں، ملک بھر میں حقیقی مستحقین کے انتخاب کے لئے سروے جاری ہے جس کے بعد نئے سرے سے اعداد و شمار وضع کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سراج الحق، کلثوم پروین اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر مستحق فرد کو سہ ماہی بنیاد پر پانچ ہزار روپے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

2010-11ء میں سروے کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا گیا تھا۔ زیادہ تر مستحق افراد بائیو میٹرک ویری فیکیشن سسٹم کے تحت رقوم وصول کرتے ہیں اور کچھ لوگوں کو منی آرڈر کے ذریعے بھی رقم دی جاتی ہے۔ غریب افراد کی رجسٹریشن کو اپ گریڈ کرنے کا عمل نومبر 2016ء سے شروع کیا گیا ہے اور یہ سروے ابھی جاری ہے جو رواں سال مکمل ہو جائے گا۔