سپریم کورٹ : موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت کیخلاف دائر اپیل پر سماعت

ماہرین کی رائے طلب ۔۔۔۔سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی

منگل 21 جنوری 2020 20:15

سپریم کورٹ : موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت کیخلاف دائر اپیل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2020ء) سپریم کورٹ نے موٹر وے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کے موقع پر ماہرین کی رائے طلب کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔اپیل پر سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ حکومت کے پاس اختیار ہے کہ موٹر وے پرہیوی بائیکس کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کرے ۔

ہائی کورٹ نے قبل ازیں موٹر سائیکلوں کو موٹر وے پر داخلے کی دی گئی اجازت کے دورانیہ کے درمیان میں رونما ہونے والے حادثات کے اعداد و شمار طلب کئے تھے ۔ مگر اعداد و شمار پیش کئے بغیر ہی پابندی لگا دی گئی ۔ موٹر وے پر گاڑیوں کا اوورسپیڈنگ پر چالان ہو سکتا ہے تو موٹر سائیکلوں کا کیوں نہیں جسٹس منصور علی شاہ کے سوال پر کہ کیا موٹر وے پر روڈ گرپ کا کوئی ٹیسٹ کیا گیا ہے کے ردعمل میں این ایچ اے کے انجینئر نے موقف اپنایا کہ ان کے پاس ایسا کوئی ریکارڈ نہیں جس پر جسٹس منصور علی نے ریمارکس دیئے کہ پاسکتان میں بڑی تعداد میں موٹر بائیکس موجود ہیں اتنی بڑی تعداد کو کیسے ان کے حق سے محروم کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

موٹر وے پر تو بہت سی نازک حالت کی گاڑیاں بھی چل رہی ہیں جسٹس مظہر عالم نے ایک موقع پر کہا کہ موٹر وے پر پابندی کی کچھ تو وجوہات ہونی چاہئے ۔ جسٹس مشیر عالم نے اس موقع پر کہا کہ عدالت کو حکم جاری کرنے کی کوئی جلدی نہیں ۔ عدلات موٹر وے اور ادارہ کے حوالے سے ماہرین کی رائے طلب کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔ ۔