شاہی خاندان میں صفِ ماتم بچھ گئی، سعودی شہزادے کا انتقال ہو گیا

شہزادہ بندر بن محمد بن عبدالرحمن بن فیصل آل سعود سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے چچا زاد بھائی اور بہنوئی تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 10:36

شاہی خاندان میں صفِ ماتم بچھ گئی، سعودی شہزادے کا انتقال ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) اس وقت سعودی مملکت میں سوگ کا سماں ہے۔ شاہی خاندان اور سعودی عوام دْکھ سے دوچار ہیں۔ اس کی وجہ سعودی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے اہم فرد کا گزشتہ روز انتقال کر جانا ہے۔ سعودی شاہی دربار کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکمران خاندان سے تعلق رکھنے والے سعودی شہزادے بندر بن محمد بن عبدالرحمن بن فیصل آل سعود کا انتقال ہو گیا ہے۔

مرحوم شہزادہ بندربن محمد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے چچا زاد بھائی اور بہنوئی تھے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرحوم شہزادہ بندر بن محمد بن عبدالرحمن بن فیصل آل سعود کی نماز جنازہ ریاض کی امام تُرکی جامع مسجد میں عصر کے بعد ادا کر دی گئی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ان کی تدفین بھی مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شہزادہ ترکی بن محمد،شہزادہ محمد بن عبدالرحمن، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اور شہزادہ عبداللہ بن بندر پیش پیش تھے۔

اس کے علاوہ ممتاز کاروباری اور حکومتی اعلیٰ عہدے دار بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ شہزادہ بندر کا شمار شاہی خاندان کی ممتاز شخصیات میں ہوتا تھا۔ کیونکہ وہ موجودہ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کے چچا زاد بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بہنوئی بھی تھے۔ شہزادہ بندر محمد بن کی شادی شاہ سلمان کی بہن شہزادی البندری بنت عبدالعزیز سے شادی کی تھی۔

جن کی وفات 2008 میں ہوئی تھی۔ شہزادہ بندر کے 13 بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔شہزادہ بندر نے دوسری شادی تیونس کی خاتون مامیہ بنت الشاذلی آل حنین سے کی تھی۔ سعودی عوام نے بھی اس دْکھ بھری خبر پر سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔سعودی عوام نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات سے اللہ تعالیٰ سے دْعا کی ہے کہ پروردگار سوگوار خاندان کو اس صدمے کے دوران صبرِ جمیل عطا فرمائے۔مرحوم کے ایصالِ ثواب اور اْنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لیے دْعائیں کی جا رہی ہیں۔