دُبئی: پب جی گیم کے ذریعے محبوبہ کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والے کو سزا ہو گئی

عدالت نے 19 سالہ نوجوان کو بلیک میلنگ، ہراسانی اور مسلسل پریشان کرنے پر تین ماہ قید کی سزا سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 13:26

دُبئی: پب جی گیم کے ذریعے محبوبہ کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والے کو ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) دُبئی کی عدالت نے 19 سالہ اماراتی نوجوان کو اپنی ہم وطن لڑکی کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے پر تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ 20 سالہ لڑکی نے اماراتی لڑکے پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اُسے سنیپ چیٹ، انسٹا گرام اور پب جی پر آڈیو پیغامات بھیجتا رہتا تھا کہ اگر وہ اُس سے شادی کے لیے راضی نہ ہوئی تو وہ لڑکی کے گھر والوں کو دونوں کے درمیان تعلقات کے بارے میں بتا دے گا۔

لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ اُس کی لڑکے سے دوستی تھی تاہم بعد میں وہ اُس کے غلط کردار کی وجہ سے اُس سے پیچھے ہٹ گئی اور اُسے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی بلا ک کر دیا جس کے بعد اُس کے سابقہ دوست نے اُسے پب جی گیم اور انسٹا گرام کے ذریعے گالیوں بھرے پیغامات بھیجنے شروع کر دیئے کہ اگر وہ اُسے انسٹا گرام پر ان بلاک نہیں کرے گی تو وہ دونوں کی دوستی اور تعلقات کے بارے میں لڑکی کے بھائیوں کو آگاہ کر دے گا۔

(جاری ہے)

لڑکے کے اس رویئے پر 20 سالہ دوشیزہ شدید خوف زدہ ہو گئی۔ لڑکے کی جانب سے اُسے مجبور کیا گیا کہ وہ اُس سے شادی کر لے تاہم وہ اس کی بات ماننے کے لیے تیار نہ ہوئی تو دھمکیوں کا سلسلہ مزید بڑھ گیا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ نے بھی بتایا کہ وہ ایک روز اپنی بیٹی کے ساتھ بیٹھی تھی جب اماراتی ملزم کا اُس کی بیٹی کو شادی کا پیغام آیا تاہم بیٹی کی جانب سے اُس کی درخواست ٹھُکرا دی گئی۔

بیٹی نے اُسے سارے معاملے سے آگاہ کر دیا۔ تاہم ملزم کی جانب سے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو مجبور کیا جاتا رہا۔ ملزم نے اُسے دھمکی دی کہ اگر وہ شادی کے لیے نہ مانی تو وہ اُن کے باہمی تعلقات سے متعلق ویڈیو کلپس اُس کے والدین اور بھائیوں کو بھجوا دے گا۔ پریشان لڑکی نے اپنے والدین کو اس ساری صورتِ حال سے آگاہ کر دیا۔ جس کے بعد ملزم کے خلاف القصیص پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرا دی گئی۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر متاثرہ لڑکی کو دھمکیاں دینے، غلیظ زبان استعمال کرنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ جس کے بعد عدالت نے ملزم کو تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔