ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ،پی سی بی نے قوم کو خوشخبری سنا دی

تسلسل کیساتھ انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد پر منافع ملے گا: ڈائریکٹر کمرشل بابرحامد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 جنوری 2020 15:42

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ،پی سی بی نے قوم کو خوشخبری سنا دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2020ء ) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کا مکمل انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مالی طور پر مستحکم کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابرحامد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تسلسل کیساتھ انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد پر منافع ملے گا۔

سری لنکن ٹیم کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم آ رہی ہے اور پھر پی ایس ایل ہونی ہے جس کا مطلب ہے کہ پی سی بی کو مالی منافع حاصل ہو گا۔بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے دورے کی تصدیق کیلئے بہت وقت لیا جس کے باعث سپانسرز کی تلاش میں بہت مشکلات پیش آئیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیریز کے معاملے میں جب بھی ایسا ہو تو مشکلات پیش آتی ہیں اس لئے اتنے کم وقت میں اس سیریز کیلئے سپانسرز کی تلاش ایک مشکل مرحلہ تھا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دورے پر رضامندی کے بعد ڈھاکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا تھا کہ تین مرحلوں میں سیریز کے باعث پی سی بی کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، اس وجہ سے وہ ایک ون ڈے میچ کھیلنا چاہتے تھے اور ہمیں بھی ایسا لگا کہ پریکٹس کیلئے ایک ون ڈے میچ کھیل لینا چاہئے، اس لئے ہم کراچی ٹیسٹ میچ سے پہلے ایک روزہ میچ کھیلنے پر راضی ہوئے ہیں۔