کوکا کولا کمپنی کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اظہار

وزیراعظم سے چیئرمین کوکا کولا کمپنی کی ملاقات،ملاقات عالمی اقتصادی فورم کے سائیڈ لائن پرہوئی، حکومت سرمایہ کاروں کو ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہے، سرمایہ کاری غربت کا خاتمہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 جنوری 2020 16:08

کوکا کولا کمپنی کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جنوری 2020ء) کوکا کولا کمپنی نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اظہار کردیا ، وزیراعظم سے چیئرمین کوکا کولاکمپنی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کارو ں کو ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہے، سرمایہ کاری غربت کا خاتمہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کوکا کولا کمپنی کے چیئرمین جیمز کیونسی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان مین سرمایہ کاری کے سازگارمواقعوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کی چیئرمین کوکا کولا کمپنی سے ملاقات عالمی اقتصادی فورم کے سائیڈ لائن پرہوئی۔ ملاقات میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، زلفی بخاری اور جہانگیرعلی صدیقی شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کوکا کولا کمپنی کی پاکستان میں طویل عرصے سے شراکت داری کو سراہا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کوکا کولا کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری اور کاروبار کی آسانی کیلئے مئوثر اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ حکومت سرمایہ کارو ں کو ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔ سرمایہ کاری غربت کا خاتمہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کیلئے ماحول دوست ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی مشروب ساز کمپنی کوکا کولا نے کہا ہے کہ کہ وہ پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک نہیں کرے گی کیوں کہ اس کے صارفین پلاسٹک کی بوتلوں میں مشروب پینا پسند کرتے ہیں۔ کمپنی کی سینئر ر نائب صدر بی پیریز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے انٹرویو میں بتایا کہ لوگوں کو ابھی بھی پلاسٹک کی بوتل میں ہی مشروبات پینا پسند ہے اس لیے کمپنی پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک نہیں کرے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی کمپنی کی پلاسٹک کی بوتل وزن میں ہلکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوگ اسے پسند کرتے ہیں۔