بنگلہ دیشن کیخلاف تیسرا ٹی ٹونٹی،قومی سکواڈ میں دو تبدیلیوں کا امکان

عماد وسیم کی جگہ عماد بٹ اور حارث رؤف کی جگہ عثمان قادر کو موقع دینے پر غور، ممکنہ بارش سے کھیل متاثر ہونے کا خدشہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 جنوری 2020 12:33

بنگلہ دیشن کیخلاف تیسرا ٹی ٹونٹی،قومی سکواڈ میں دو تبدیلیوں کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جنوری 2020ء ) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش پر نگاہیں مرکوز کر لیں، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں دو ،صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے تاہم گرین شرٹس کو آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بر قرار رکھنے کیلئے تیسرا میچ بھی لازمی جیتنا ہوگا ۔

یاد رہے کہ پاکستان اس وقت ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی درجہ بندی نویں ہے ، اگر بنگلہ دیش نے پاکستان سے تیسرا میچ جیت لیا تو پاکستان اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہو جائے گا اور اس کی جگہ آسٹریلیا پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ آخری میچ میں عماد وسیم کی جگہ عماد بٹ اور حارث رؤف کی جگہ عثمان قادر کو ڈیبیو کا موقع دے سکتی ہے ۔

قومی ٹیم کی امیدوں کے محور کپتان بابر اعظم ، آل راؤنڈر شعیب ملک، احسان علی اور محمد حفیظ ہوں گے جبکہ باؤلنگ میں شاہین آفریدی ، حارث رؤف ، محمد حسنین اور شاداب خان پر بھروسہ کیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی کپتان محمود اﷲ اور ہیڈ کوچ رسل ڈومینگوحالیہ سیریز میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں ۔ تجربہ کار فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمن گزشتہ دو میچوں میں69رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے ہیں تاہم امید کی جا رہی ہے کہ وہ آخری میچ میں ردھم میں آجائیں گے ۔

ٹیم مینجمنٹ لیٹن داس ، مہدی حسن ، عفیف حسین اور سومیا سرکار کی پرفارمنس پر بھی فکر مند ہے ۔ ذرائع کے مطابق قذافی سٹیڈیم کی وکٹ پر تیزی کے ساتھ رنز بنانے میں مشکل آرہی ہے اور امکان ہے کہ آج بھی شائقین کو زیادہ ٹوٹل دیکھنے کو نہیں ملے گا جبکہ بارش بھی ہو سکتی ہے اورمیچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔بنگلہ دیشی ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو کا کہنا ہے کہ ان وکٹوں پر ہمارے نوجوان بیٹسمینوں کیلئے کھیلنا آسان نہیں، دونوں مرتبہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ سمجھتے تھے کہ اگراچھا ٹوٹل بناسکے تو میزبان بیٹسمینوں کو چیلنج دے سکیں گے مگروکٹیں اچھی نہیں اور تھوڑی اوسط درجے کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ تجربے سے سبق سیکھ کر تیسرا میچ جیتتے ہوئے سیریز کے اچھے اختتام کی کوشش کریں گے ۔