وزیر اعظم سے معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں قطر میں پاکستانی نژاد شخصیات کی ملاقات ،اقتصادی صورتحال پر گفتگو

سرمایہ کار کو منافع بخش کاروبار کیلئے سازگار فضا کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان

پیر 27 جنوری 2020 16:15

وزیر اعظم سے معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں قطر میں پاکستانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) وزیر اعظم عمران خان سے معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں قطر میں مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی نژاد اہم شخصیات نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ڈائریکٹر پراڈکٹ اینڈ مارکیٹ ڈویلپمنٹ قطر اسٹاک ایکسچینج محسن مجتبیٰ ، جنرل کونسل قطر فنانشل سنٹر اسحق برنی، سینئر ڈائریکٹر الریان انوسٹمنٹ اکبر خان، لیگل ڈائریکٹر فیفا ورلڈ کپ قطر 2022عارج سید واسطی، چیف اکانومسٹ اکنامک پالیسی اینڈ ریسرچ وزارت خزانہ قطر عرفان علیم و دیگر شریک ہوئے ۔

ملاقات میں پاکستان اور قطر کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً ملک میں معیشت کے مختلف شعبے میں قطر ی سرمایہ کاری اور قطر میں پاکستانی جوانوں اور ہنر مندوں کے لئے نوکریوں کے مواقع و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ کاروباری برادری اور سرمایہ کار کو منافع بخش کاروبار کے لئے سازگار فضا کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عمران خان نے کہاکہ کاروبار دوست معاشی پالیسیاں، استحکام اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے سازگار ماحول کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں ۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں جو ملک میں ترسیلات بھیجتے ہیں جس سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، ہماری نوجوان آبادی اور خصوصاً تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور حکومت نے ان کو ہنرمند اور باروزگار بنانے کے لیے اہم پروگرام کا اجرا کیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی ورک فورس قطر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ قطر میں پاکستانی ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقعوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا