جدہ میں سرِ عام شراب نوشی کرنے والا غیر مُلکی گرفتار

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں عرب شہری اپنی گاڑی میں بیٹھ کر بے دھڑک شراب پی رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 جنوری 2020 11:24

جدہ میں سرِ عام شراب نوشی کرنے والا غیر مُلکی گرفتار
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جنوری 2020ء) سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک شخص کی سرِ عام شراب نوشی کی ویڈیو وائرل ہونے پر لوگ شدید مشتعل ہو گئے۔ سعودی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک غیر مُلکی جدہ کی ایک معروف سڑک پر اپنی گاڑی میں بیٹھا شراب نوشی میں مصروف ہے۔ اس کے پاس نشہ آور گولیاں بھی پڑی ہوئی ہیں اور وہاں نظر آنے والی نوٹوں کی گڈیاں اس کی دولت مندی کو ظاہر کر رہی ہیں۔

یہ غیر مُلکی بڑے فخر سے نشے کی حالت میں جھُومتا دکھائی دے رہا ہے اور سعودی مملکت میں اپنی سرعام شراب نوشی کو اپنی جانب سے بہت ہمت اور حوصلے سے بھرپور کارنامہ سمجھ رہا ہے۔ تاہم اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد انسداد منشیات کا ادارہ حرکت میں آیا اور ایسی غیر اخلاقی حرکت کرنے والے غیر مُلکی کی نشاندہی کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انسدادِ منشیات کے ادارے کے مطابق اس شخص کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے اور اُس نے شراب پینے کے ساتھ ساتھ اس حرکت کو سوشل میڈیا پر وائرل کر کے دوہرے جُرم کا ارتکاب کیا ہے۔ ملزم کو سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ چند روز قبل بھی ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں چار سعودی نوجوان ریاض کے ایک علاقے میں ایک گاڑی میں موجود ہیں اوراس گاڑی میں موجود منشیات اور شراب سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

سب سے بڑھ کر وہ یہ سب کچھ بڑے فخر سے کر رہے ہیں جیسے وہ کوئی بہت بڑا کارنامہ انجام دے رہے ہوں۔ ان چار سعودی نوجوانوں کی یہ شرمناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ تمام افراد نے یک زبان ہو کر مطالبہ کیا کہ سعودی مملکت کی حُرمت کا یوں کھُلے عام تقدس پامال کرنے والوں کو گرفتار کر کے انہیں عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی اور اس طرح کی گھناؤنی حرکت کرنے کی ہمت نہ پڑے۔

جس کے بعد ریاض پولیس نے بھی نوٹس لے لیا اور ان چاروں نوجوانوں کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات اور شراب کے استعمال کی سختی سے ممانعت ہے، اگر کوئی شخص منشیات کے استعمال یا اس کی خرید و فروخت میں ملوث پایا جاتا ہے تو اسے سرِ عام سزائے موت دے دی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے مملکت میں منشیات کے عادی افراد کی گنتی دوسرے علاقوں کی نسبت خاصی کم ہے۔ تاہم پھر بھی ایسے سرپھرے نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں جو اپنی زندگی کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے نہ صرف ان ممنوعہ اشیاء کا استعمال کرتے ہیں بلکہ بڑی بے شرمی سے اس کی ویڈیو بھی بنا لیتے ہیں۔