ملک میں پولیو کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے ،2 بچوں کا تعلق سندھ جبکہ 2 کاپنجاب سے ہے

پولیو کیس کے وقت کا تعین نمونے لیے جانے کی تاریخ سے کیا جاتا ہے ،2019 کے کیسز کی مجموعی تعداد 144 ہوگئی

ہفتہ 1 فروری 2020 12:36

ملک میں پولیو کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے ،2 بچوں کا تعلق سندھ جبکہ 2 کاپنجاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2020ء) ملک میں پولیو کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے جن میں 2 بچوں کا تعلق سندھ جبکہ 2 کاپنجاب سے ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مریضوں کے نمونے گزشتہ برس لے کر این آئی ایچ کو بھجوائے گئے تھے۔سندھ کے ضلع جیکب آباد کی تحصیل تھل کی یونین کونسل دین پور کا ایک 5 سالہ بچہ پولیو کے باعث معذوری کا شکار بنا۔

اس کے علاوہ ضلع میر پور خاص کی تحصیل سندھڑی کی یونین کونسل پھلاڈیوں میں 4 سال کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ضلع ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل علی والا میں 2 بچیاں پولیو کے باعث مفلوج ہوئیں ان میں ایک بچی کی عمر 4 سال جبکہ دوسری کی 10 ماہ تھی۔

(جاری ہے)

نیشنل کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو ڈاکٹر رانا صفدر نے 4 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ہم پولیو کیس کے وقت کا تعین نمونے لیے جانے کی تاریخ سے کرتے ہیں لہٰذاسامنے آنے والے چاروں نئے کیسز سال 2019 میں درج کیے جائیں گے جس کی مجموعی تعداد 144 ہوگئی ہے۔ڈاکٹر صفدر کا کہنا تھا کہ اب تک سال 2020 میں 7 پولیو کیسز سامنے آئے ہیں اور رواں برس کا آخری کیس صوبہ خیبرپختونخوا ہ میں سامنے آیا۔