کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین کے اقدامات قابل تحسین ہیں، سعودی وزیر خارجہ

منگل 4 فروری 2020 13:09

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین کے اقدامات قابل تحسین ہیں، سعودی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2020ء) سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے چینی کوششوں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ یہ بات سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہی۔ سعودی وزیر خارجہ نے فون پر سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے چینی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے اور اس سے بچائو کے لیے چین کے اقدامات اور اس کا ذمہ دارانہ کردار قابل تحسین ہے۔

جس پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء کے خلاف ملک بھر میں مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گھیبریسس نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے چینی کوششوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ڈبلیو ایچ او نے سفری اور تجارتی پابندیوں عائد نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین اپنے عوام کی صحت اور تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور چین میں سعودی شہریوں اور دیگر غیرملکیوں کے صحت کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات اور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے اور عملی تعاون کے متعدد شعبوں میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سعودی عرب کورونا وائرس کے خلاف چین کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، کورونا وائرس کا قیام عارضی ہے جبکہ سعودی عرب اور چین کی دوستی ہمشہ کے لیے ہے۔