افسران پولیس کو پولیو مہم کے دوران تھانہ جات میں پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی انتظامات فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 14 فروری 2020 13:38

افسران پولیس کو پولیو مہم کے دوران تھانہ جات میں پولیو ٹیموں کو فول ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کی زیر نگرانی ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور آصف گوہر خان، ایڈیشنل ایس پی ہری پور ذوالفقار خان جدون، تمام سرکل ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور جملہ تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ دوران میٹنگ ڈی پی او ہری پور نے جملہ افسران پولیس کو پولیو مہم کے دوران اپنے اپنے تھانہ جات میں تمام پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی انتظامات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

5 روزہ مہم کے دوران ضلع بھر کی تمام پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس نفری تعینات کی جائے گی، سرکل ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں ضلع کو 4 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، تمام سرکل ایس ڈی پی اوز پولیو ڈیوٹی کے سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ہری پور نے افسران پولیس کو مجرمان اشتہاریوں اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے۔

دوران میٹنگ ضلع بھر سے بچوں کے ساتھ زیادتی اور دیگر اخلاقی جرائم کے خاتمہ کے لئے آگاہی سیمینار کے انعقاد اور سوسائٹی کو ان کے ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایات دی گئیں۔ ڈی پی او ہری پور نے تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو ہوائی فائرنگ، لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزیوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کی سختی سے ہدایت کی۔

خانپور ثقافتی میلے کے موقع پر سیاحوں کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور پارکنگ کے مناسب انتظامات کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی پی او ہری پور نے افسران پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں گشت کو مزید موثر بنایا جائے، تمام داخلی و خارجی مقامات پر گاڑیوں اور اشخاص کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جائے، سود خوروں، قبضہ مافیا اور عادی جرائم پیشہ افراد سے سختی سے نمٹا جائے، عوامی شکایات پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور مظلوم افراد کی ہر ممکن دادرسی کی جائے۔

عوام کے نام جاری پیغام میں ڈی پی او نے کہا کہ ہری پور پولیس تمام جرائم کے خاتمہ کیلئے محنت اور دستیاب وسائل میں کام کر رہی ہے، سوسائٹی اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور پولیس اقدامات کا بھرپور ساتھ دے تاکہ جرائم کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے۔