سوڈان ،امریکی جنگی بحری جہازکول پرحملے کے متاثرین کو 30 ملین ڈالر ادا کرے گا

جمعہ 14 فروری 2020 14:04

خرطوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) سوڈان کی حکومت اور امریکی بحری جنگی جہازکول پر 2000ء میں ہونے والے حملے کے متاثرین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ،جسکے تحت سوڈان متاثرین کو 30 ملین ڈالر کی رقم ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق سوڈانی وزارت انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فریقین نے 7 فروری کو ایک سمجھوتے پر اتفاق کیا ہے، اس سمجھوتے کے بعد کول کے متاثرین امریکہ کی عدالت میں سوڈان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ واپس لے لیں گے۔

سوڈانی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت وضاحت کی ہے کہ ہم ماضی کی حکومت کی کسی دہشت گرد کارروائی اور تخریب کاری کی ذمہ داری نہیں اٹھائے گی، موجودہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور حصہ لے گی اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔واضح رہے کہ 12 اکتوبر 2000ء میں امریکی بحری جہاز کول پرحملے میں 17 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے،جسکی ذمہ داری القاعدہ نے قبول کی تھی۔