مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی گئی

مقدس مقامات کے تقدس کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ یہاں تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 فروری 2020 23:35

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی گئی
مکہ مکرمہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری2020ء) مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی گئی، مقدس مقامات کے تقدس کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ یہاں تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے ملک کے مقدس مقامات پر سیلفی، تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کے احاطے میں کسی بھی قسم کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ان مقامات پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تصاویر اور ویڈیوز بنانے والوں کیخلاف موقع پر کاروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے موبائل فونز اور کیمرے ضبط کر لیے جائیں گے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مقدس مقامات کی حفاظت اور ان کا تقدس برقرار رکھنے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین اور حجاج حرمین شریفین میں اپنا زیادہ وقت تصویر کشی میں ضائع کرتے ہیں جس سے ان کی اور دوسروں کی عبادت میں خلل پڑتا ہے۔ یہ لوگ حرمین شریفین میں تصویریں بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیتے ہیں۔

لیکن اب ایسے معتمرین اور حجاج کرام جو اپنے موبائل فون، کیمرے یا وڈیو کیمروں کے ذریعے حرمین شریفین کے اندر یا باہر تصاویر بنائیں گے ان کے کیمرے اور موبائل ضبط بھی کئے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے مقدس مقامات پر تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان 2017 میں بھی کیا گیا تھا، جب ایک اسرائیلی شخص مسجد الحرام کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، اور بعد ازاں پھر اس نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کر دی تھیں۔