برطانوی رکن پارلیمان ڈیبی ابراہمز کو دلی ائرپورٹ پر روکنا بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، اقوامِ متحدہ اوچھے ہتھکنڈوں کا نوٹس لے، اقوامِ عالم کھلی ریا ستی دہشت گردی کے خلاف آ واز بلند کریں

قائم مقام صدرتحریکِ کشمیر برطا نیہ مفتی عبد المجید ندیم

منگل 18 فروری 2020 10:50

برمنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) برطانیہ کی رکن پارلیمان ڈیبی ابراہمز کو دلی ائرپورٹ پر روکنا بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ بھارت سرکار کے اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، وقت آگیا ہے کہ اقوامِ متحدہ بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کا نوٹس لے اور برطانیہ اپنے ملک کی ایم پی کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر صدائے احتجاج بلند کرے ۔

تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے قائم مقام صدر مفتی عبد المجید ندیم نے اپنے ایک خصوصی بیا ن میں کہا ہے کہ ڈیبی ابراہمز آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ آف کشمیر کی چئرپرسن ہونے کے ناطے مسئلہ کشمیر کو برطا نوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آواز بلند کر رہی ہیں اور 4 فروری کو تحریکِ کشمیر برطانیہ کے زیرِ اہتمام ہونے والی انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں بھی انہوں نے مقبوضہ وادی میں ہونے والے لاک ڈاؤن، حقوقِ انسانی کی پامالیوں اور عورتوں اور بچوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی تھی جو بھارت کے لیے ناقابلِ قبول تھی یہی وجہ ہے کہ انہیں ائرپورٹ پر روک کر دباؤ میں لانے کی ناکام کوشش کی گئی ۔

(جاری ہے)

مفتی عبد المجید ندیم نے کہا کہ بھارت جس قدر بھی پابندیاں لگائے گا اور میڈیا، حقوقِ انسانی کی تنظیموں اورعالمی سیاسی رہنماؤں کو مقبوضہ وادی میں جانے سے روکے گا تو یہ سب کچھ اس بات کا ثبوت ہوگا کہ بھارت انٹرنیشنل کمیونٹی سے بہت کچھ چھپا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بھارت کا خوفناک چہرہ دنیا کے سامنے عیاں گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اقوامِ عالم اس کھلی ریا ستی دہشت گردی کے خلاف آ واز بلند کریں۔