کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخی کے لئے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کر دی گئی

پنجاب حکومت نے لکھا ہے کہ محمد صفدر نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا ہے، حکومت بھی یہی کرتی رہی ہے،لاہور ہائی کورٹ

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 18 فروری 2020 10:58

کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخی کے لئے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کر ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18فروری2020ء) لاہور ہائی کورٹ نے کیپٹن صفدر کی ضمانت منسوخی کے لئے پنجاب حکومت کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔عدالت کی جانب سے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا گیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے حکومت پنجاب کی درخواست پر سماعت کی ۔سماعت کے دوران ڈپٹی پراسکیوٹر نے موقف اپنایا کہ کیپٹن صفدر(ر) نے سیشن کورٹ میں ریاستی ادارو ں کے خلاف میڈیا ٹاک کی، ان کے خلاف دفع124 لگائی گئی جو کہ قابل ضمانت نہیں ہے۔

اس پر عدالت کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ آپ نے لکھا ہے کہ محمد صفدر نے حکومت کے خالف احتجاج کیا ہے، حکومت بھی ماضی میں یہی کرتی آئی ہے،ا س طرح تو ان پر بھی مقدمہ ہونا چاہیئے۔اس بات پر ڈپٹی پراسکیوٹر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ احتجاج قانونی دائرہ میں رہ کر کرنا چاہیئے تھا،کیپٹن صفدر(ر) نے حکومت کے خاتمے اور وکلاء میں نفرت پیدا کرنے کے لئے احتجاج کیا جبکہ انہوں نے ایکسٹینشن لانے کے لئے عمران خان کو لانے کا بیا ن بھی دیا۔

(جاری ہے)

اس بیان کے بعد عدالت کی جانب سے پوچھا گیا کہ یہاں کس ایکسٹینشن کی بات ہو رہی ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ آرمی چیف ایکسٹینشن کی بات ہو رہی ہے جو کہ غداری کے زمرے میں آتی ہے۔لیکن پنجاب حکومت کے جانب سے عدالت کو مطمئن نہیں کیا گیا جس کے بعد عدالت نے یہ کہتے ہوئے درخواست خارج کر دی یہ کیس کیس قابل سماعت ہی نہیں ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے کیپٹن صفد(ر) کے خلاف ان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جس پر آج لاہور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی اور عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے جو موقف اپنایا ہے اس کے مطابق ان پر بھی مقدمہ ہونا چاہیئے کیونکہ ماضی میں وہ بھی احتجاج کرتے رہے ہیں۔