آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ،لانڈھی فرینڈزاور فیصل جیم خانہ کی حریف ٹیموں کیخلاف کامیابی

منگل 18 فروری 2020 16:48

آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ،لانڈھی فرینڈزاور فیصل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں لانڈھی فرینڈز اور فیصل جیم خانہ نے حریف ٹیموں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرلیں۔ زہیب ادریس اور زین انور نے سنچریاں بنائیں جبکہ معیز وقار نے 7 رنز پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور رائزنگ اسٹار سی سی کے زیر اہتمام جاری پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کے فیصلے ہوگئے۔

لانڈھی فرینڈز نے طوبہ اسپورٹس کو 76رنز سے شکست دی ۔ زہیب ادریس نے 103رنز اور نبیل واحد نے 69رنز اسکور کئے ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ پر 130رنز بنائے گئے۔معیز وقار نے 7رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فیصل جیم خانہ کو شاہین جیم خانہ پر باآسانی 152رنز کی فتح حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

زین انور نے 105رنز اور عمران شاہ 84رنز بنائے۔لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے میچ میں لانڈھی فرینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں 7وکٹوں پر 243رنز بنائے۔

زہیب ادریس نے 6چوکوں کی مدد سے 103رنز اسکور کئے۔ نبیل واحد نے 69رنز میں 6چوکے اورایک چھکا رسید کیا۔محمد کاشف نے 50رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ طوبہ اسپورٹس کی جوابی اننگز 38.1اوورز میں 167رنز پر تمام ہوگئی۔ افسر نوازنے 75رنز میں 10چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ معیزوقار نے انتہائی کفایتی بولنگ کرتے ہوئے صرف 7رنز پر 6حریف بلے بازوں کو میدان بدر کیا۔

حبیب الرحمن نے 36رنز پر 2وکٹیں حاصل کیں۔ ایمپائرز محمد راشد خان اور محمد ریحان جبکہ سید مستجب عالم آفیشل اسکورر تھے۔ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھلے جانے والے میچ میں فیصل جیم خانہ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 45اوورز میں 8وکٹوں پر 335رنز اسکور کئے۔ زین انور نے اپنی شاندار سنچری اسکور کی اور 105رنزکی اننگز میں 10چوکے اور 2چھکے لگائے۔

عمران شاہ نے 12چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 84رنز اسکور کئے۔ محمد سمیر نے 58رنز دے کر 3اور منان کاکٹر نے 27رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین جیم خانہ کی جوابی اننگز 183رنز پر سمٹ گئی۔ منان کاکڑ 39رنز میں 8چوکے اور حارث بن طاہر نے 32رنز اسکور کئے۔ شاہ زیب احمد نے 50رنز پر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زین انورنی26رنز اور بلال منصو34رنز2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ایمپائرنگ کے فرائض اختر قریشی اور شاہد اسلم نے انجام دئے جبکہ سید مستجب عالم آفیشل اسکورر تھے۔