وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفونک رابطہ

کرونا وائرس سے لڑنے کے لئے پاکستانی حکومت او ر عوام چین کے ساتھ ہے، عمران خان

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 20 فروری 2020 15:49

وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفونک  رابطہ
اسلام آباد(اردوپوائںٹ تازہ ترین اخبار-20فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں سربراہان کے درمیان کرونا وائرس سے بڑھتی ہوئی تباہ کاریوں پر بات ہوئی ہے۔چینی صدر سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے انہیں ہر قسم کی امداد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لئے پاکستانی حکومت اور عوام چین کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسی پر مزید بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے چینی صدر جلد کرونا وائر س پر قابو پا لیں گے ۔جب تک کرونا وائرس ختم نہیں ہو جاتا ہم امید کریں گے کہ چین پاکستانی شہری اور طلباء کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کریں گے۔اس موقع پر چینی صدر نے مدد کی پیشکش پر عمران خان اور پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستانی شہریوں اور طلباء کا اسی طرح خیا ل رکھیں گے جس طرح وہ اپنے شہریوں کا خیال رکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کرونا وائرس نے اس وقت پورے چین کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزا ر سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 80 ہزار کے قریب افراد اس سے متاثر ہیں۔چین حکومت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد اس پر قابو پا لیا جائے کیونکہ اس سے چین کو بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے،ان کی معیشت بری طرح تباہ ہو گئی ہے ا و کاروبار کے حالات بھی بگڑتے جا رہے ہیں۔

اسی دوران پاکستانی شہری اور طلبا ء کی بڑی تعداد بھی چین میں موجو دہے جن کو ابھی تک واپس نہیں لایا گیا۔گزشتہ روز چین میں پھنسے طلباء کے والدین کی جانب سے بھی معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی بریفنگ کے دوران بھی احتجاج کیا گیا تھا جس میں ان کے بچوں کو واپس لانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ آج پاکستان کے وزیراعظم عمران خان او چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں عمران خان نے چین کو امداد کی پیشکش کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی شہری اور طلباء کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائے ، اس موقع پر چینی صدر کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ پاکستانی طلبا ء اور شہریوں کا خیال اسی طرح رکھا جائے گا جس طرح وہ اپنے شہریوں کا رکھ رہے ہیں۔