تمام صوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر اسد عمر

جمعہ 21 فروری 2020 21:19

تمام صوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،وفاقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ تمام صوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر کڑی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے چینی سفیریائو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے سی پیک منصوبوں کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو مزید تیز تر کیا جائے گا، تمام صوبوں میں اسپیشل اکنامک زونز کے قیام کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر کڑی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے سی آر (کراچی سرکلر ریلوی) منصوبے میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کے سی آر منصوبے سے متعلق تازہ ترین پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بینکنگ ، ٹیلی کام اور ڈیجیٹل فنانس ، مینوفیکچرنگ اور زراعت کے شعبوں میں بی ٹو بی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی سفیر نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ چینی فریق کاروبار اور مینوفیکچرنگ صنعتوں کے مابین ہر طرح کے تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہے۔