پی ایس ایل 5، ’اردو پوائنٹ ٌ کی ٹیم ملتان سلطانز کا شاندار آغاز

پہلی کامیابی حاصل کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 فروری 2020 23:25

پی ایس ایل 5، ’اردو پوائنٹ ٌ کی ٹیم ملتان سلطانز کا شاندار آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2020ء) پی ایس ایل5 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو5 وکٹوں سے ہرادیا- تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 5 کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئےمیچ میں لاہور قلندرز اپنے اوپننگ بلے بازوں کی دھواں دار بلے بازی کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر محض 138 رنز بنا پائی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لن 39 جب کہ کپتان سہیل اختر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر، معین علی اور محمد الیاس ، تمام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور قلندرز کے جیمز وینس ہدف کے تعاقب میں آؤٹ ہونے والے ملتان سلطانز کے پہلے بلے باز تھے جنہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا، وینس نے 18 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد 43 کے اسکور پر معین علی 11 رنز بنا کر محمد حفیظ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

کپتان شان مسعود اور رلی روسو نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، ملتان سلطانز کا اسکور جب 85 رنز تھا تو شان مسعود 38 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ذیشان اشرف 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، روسو کی اننگز 32 رنز پر مشتمل تھی، حارث رووف نے روسو کو 116 کے سکور پر آؤٹ کردیا۔ شاہد آفریدی نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز کی اننگز کھیل کر سلطانز کو کامیابی دلائی اور ان کے ساتھ خوشدل شاہ 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس سے قبل بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جو لاہور قلندرز کی اننگ کے اختتام پر درست ثابت ہوا۔ واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز، دونوں ٹیمیں اب تک پی ایس ایل کے کسی بھی سیزن میں پلے آف مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہی ہیں، اسی باعث اس مرتبہ دونوں ٹیموں پر بہتر کارکردگی دکھانے کا زیادہ دباو ہے۔