ترکی کی فوج اور اجرتی جنگجوؤں کے انخلا کے مقابل فائر بندی پر تیار ہوں،خلیفہ حفتر

مسلح افواج طرابلس کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے تمام بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، گفتگو

ہفتہ 22 فروری 2020 13:28

ترکی کی فوج اور اجرتی جنگجوؤں کے انخلا کے مقابل فائر بندی پر تیار ہوں،خلیفہ ..
طرابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) لیبیا کی فوج کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر نے کہا ہے کہ وہ مقررہ شرائط کے پورے ہونے کی صورت میں لیبیا میں فائر بندی کے لیے تیار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ شرائط میں ترکی کی فوج اور اجرتی جنگجوؤں کا اںخلا شامل ہے۔حفتر کے مطابق فائز السراج کے زیر قیادت وفاق حکومت نے جنیوا مذاکرات میں شرکت کو معلق کر دیا کیوں کہ وہ انقرہ اور دوحہ سے احکامات وصول کرتی ہے۔

جنرل خلیفہ حفتر نے باور کرایا کہ دوسرے فریق کی جانب سے جنگ بندی کی عدم پاسداری اور مسلح ٹولیوں کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے سبب لیبیا کی فوج کا پیمانہ لبریز ہوتا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج طرابلس کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے تمام بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

جب تک عالمی برادری اور برلن کانفرنس میں شریک ممالک لیبیا پر ترکی کے قبضے کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کرتے ،،، لیبیا کی فوج تمام امکانات کے لیے تیار ہے۔

حفتر نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور برلن کانفرنس کے ممالک شامی اور تٴْرک اجرتی جنگجوؤں اور مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کی روزانہ کی بنیاد پر طرابلس منتقلی روکنے کے ذمے دار ہیں۔ ان کے مطابق ایردوآن اور فائز السراج کی جانب سے عدم پاسداری کا سلسلہ جاری رہنے پر لیبیا کی فوج ہاتھ باندھ کر نہیں بیٹھے گی۔لیبیا کی فوج کے سربراہ نے کہا کہ فائز السراج کی وفاق حکومت کے پاس اپنے فیصلے کرنے کا حق نہیں ہے ،یہ حکومت اندرون ملک دہشت گرد ملیشیاؤں اور گروپوں جب کہ بیرون ملک ترکی اور قطر کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔

اس بات کا ثبوت ایردوآن کا وہ بیان ہے جس میں انہوں نے باور کرایا کہ جنیوا بات چیت سے وفاق حکومت کے نکل جانے کی ضرورت ہے۔حفتر کے مطابق اقوام متحدہ کی اٴْن تمام مثبت کوششوں کا ساتھ دیا جائیگا جن کے ذریعے لیبیا میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مشن میں کامیابی کیلئے اقوام متحدہ اور ان کے خصوصی ایلچی غسان سلامہ کو سپورٹ کرتے ہیں۔لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن کے ترجمان جین العلم نے بتایا کہ لیبیا میں دونوں متحارب فریقوں کے درمیان جنیوا میں عسکری مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والی یہ بات چیت بالواسطہ نوعیت کی ہے۔ اس کا مقصد لیبیا میں مستقل فائر بندی کا اعلان ہے۔