میونسپل کارپوریشن کی حدود میں نالے پر مارکیٹیں اور پلازے قائم

اتوار 23 فروری 2020 15:05

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی حدود میں مافیا نے نالے پر مارکیٹیں اور پلازے بنا لیے،210فٹ چوڑی شاہراہ سکڑ کر20فٹ رہ گئی ،ٹریفک جام سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہو گئیں ،شہریوں نے وزیر اعظم ،وزیراعلیٰ سے نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کردیا ۔شہریوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ قبضہ مافیا نے چکری روڈ شاہ قاف پل کے اطراف برساتی نالے پر دکانیں اور پلازے بنا لیے ہیں جس کی وجہ سے 210فٹ سے زائد چوڑی شاہراہ سکڑ کررہ گئی ہے ۔

شہریوں نے بتایا کہ مافیا نے نالے کے افقی اور متوازی دونوں جانب تجاوز کرتے ہوئے نالے کے اندر مارکیٹوں اور پلازوں کے پلرز کھڑے کردیئے ہیں جس کے باعث جہاں نالے کی چوڑائی کم ہونے سے پانی کے بہائو میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے وہیں سڑک کی چوڑائی بھی کم ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیا ب معلومات کے مطابق چکری روڈ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ 2017میں شروع کیا گیا تھا جس کے دوران موہڑہ چھپر سے موٹر وے انٹرچینج چکری تک 37کلومیٹر شاہراہ کی توسیع کی گئی تاھم منصوبے کے تحت چکری روڈ کی پانچ پلیوں اور پلوں کی کشادگی کاکام تاحا ل مکمل نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے شاہ قاف پل خستہ حالی کے باعث کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خطرہ ہے ۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے لیے 858.147ملین روپے کی رقم مختص کی گئی تھی تاھم مبینہ طور پر کنٹریکٹرز نے منصوبہ ادھورا چھوڑدیا ۔شہریوں کاکہنا ہے کہ شاہ قاف کی عدم توسیع اور تعمیر نو نہ ہونے کے باعث اس مقام پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں جبکہ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی دسترس میں واقع یہ علاقہ قبضہ مافیا کے نرغے میں آچکا ہے اور علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج کے باوجود متعلقہ حکام نے اس جانب کسی قسم کی توجہ نہیں دی ۔

شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،کمشنر راولپنڈی اور دیگر حکام سے قبضہ مافیا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ نالے اور سڑک پر قبضہ ختم کروایا جائے اور شاہ قاف پل سمیت دیگر پلیوں کی ازسرنو تعمیر کاکام مکمل کروایا جائے ۔