پشاورزلمی کے میچز کے لیے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں فیملیز کے لیے بڑی اسکرین لگائی جائیں گی

راولپنڈی میں ہونیوالے پشاور زلمی کے پانچ میچز کے لیے پشاور سے راولپنڈی خصوصی زلمی فینز بسیں بھی چلیں گی

پیر 24 فروری 2020 19:48

پشاورزلمی کے میچز کے لیے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں فیملیز کے لیے بڑی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) پشاور زلمی نے اپنے فینز کے لیے بڑا اعلان کر دیا، زلمی کے بقیہ تمام میچز کے لیے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں فیملیز کے لیے بڑی اسکرین اور راولپنڈی میں ہونیوالے پشاور زلمی کے پانچ میچز کے لیے پشاور سے راولپنڈی خصوصی زلمی فینز بسیں بھی چلیں گی ،پشاور کے صحافیوں کو بھی خصوصی زلمی بس میں میچ کوریج کے لیے راولپنڈی لایا جائیگا۔

پشاور میں زلمی فینز کے لیے 26مارچ سے پشاور میں جہاںبڑی اسکرین لگائی جائیں گی وہیں راولپنڈی میں شیڈول پشاور زلمی کے پانچ میچز کے لیے پشاور سے راولپنڈی ڈائیوو کی خصوصی بس سروس بھی چلائی جائے گی ۔پشاور زلمی کے آئندہ تمام میچز کے لیے پشاور کے کرنل شیر خان (آرمی اسٹیڈیم) میں بڑی اسکرین لگائی جائے گی اور فیملیز میچ کے ساتھ فوڈ اسٹالز سے بھی لطف اٹھاسکیں گے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ راولپنڈی میں ہونیوالے پانچ زلمی میچز کے لیے پشاور سے راولپنڈی اور میچ کے فوری بعد راولپنڈی سے پشاور بس سروس چلائی جائے گی ۔میچ ٹکٹ ہولڈرز ایک ساتھ ڈائیوو کی سپیشل زلمی فینز بس میں ٹکٹ خرید کر سفر کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ پشاور کے وہ صحافی جنہیں پی سی بی نے میڈیا ایکریڈیشن جاری کی ہیں وہ زلمی فینز بس میں پشاور زلمی کے مہمان کے طور پر میچ کوریج پر جاسکیں گے۔

پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا کہ وہ زلمی فینز کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت پشاور زلمی پی ایس ایل کا سب بڑا برانڈ ہے۔ ان فینز کے لیے پشاور میں بڑی اسکرین اور زلمی بس سروس شروع کرنے کا مقصد یہی یے کہ زلمی فینز مل کر میچز سے لطف اٹھائیں ۔انشاللہ اگلے سال پشاور زلمی اپنے میچز ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے گی اور انشاللہ پورے خیبر پختونخواہ اور پشاور میں کرکٹ کے جشن کا سماں ہوگا۔