خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی

منگل 25 فروری 2020 18:25

خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ منگل کو عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز ، مقدمہ کے تفتیشی افسر عظمت اور وزارت خارجہ کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی۔ عدالت نے درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران وزارت خارجہ کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ سری لنکا سے ریکارڈ منگوانے کے لئے سری لنکن ایمبیسی کو خط لکھا ہے ، جو ریکارڈ ملا وہ 10 سال پرانا ہے اس سلسلے میں کچھ مزید وقت درکار ہے ۔ عدالت نے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزارت خارجہ کو ریکارڈ جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔