کرونا وائرس نے امریکا میں بھی پنجے گاڑ لیے

امریکا بھر میں 57 کیسز رپورٹ، سان فرانسسکو اور ریاست شمالی کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 26 فروری 2020 19:54

کرونا وائرس نے امریکا میں بھی پنجے گاڑ لیے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 فروری2020ء) کرونا وائرس نے امریکا میں بھی پنجے گاڑ لیے، امریکا بھر میں 57 کیسز رپورٹ، سان فرانسسکو اور ریاست شمالی کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے مسلسل تردیدوں کے باوجود خطرناک کرونا وائرس نے امریکا میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں اب تک کرونا وائرس کے کل 57 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکی ڈائمنڈ کروز نامی بحری جہاز پر متاثر ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈائمنڈ کروز نامی بحری جہاز پر موجود 40 امریکیوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ امریکا کے مختلف علاقوں میں 14 اور چین سے نکالے گئے 3 شہری کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ جنوبی کوریا میں موجود ایک امریکی فوجی بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

تاہم اب تک امریکا میں وائرس سے متاثرہ کسی شخص کی موت واقع نہیں ہوئی۔ اس تمام صورتحال کے بعد شمالی کیلیفورنیا اور سان فرانسسکو میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چین میں پھیلنے والا جان لیوا کرونا وائرس 40 سے زائد ممالک تک پہنچ گیا ہے۔ چین میں کرونا وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 52 افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد چین میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2715 تک پہنچ گئی ہے، چینی صوبے ہوبئی میں مزید 406 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

چین کے بعد وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئیں جہاں وائرس سے متاثرہ مزید چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 19 ہو گئی ہے، ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 44 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 139 ہو گئی ہے۔ چین کے بعد جنوبی کوریا جان لیوا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جنوبی کوریا میں متاثرین کی تعداد 1146 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

یورپی ممالک میں اٹلی کی صورتحال تشویشناک ہے، اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ اٹلی میں اب تک مجموعی طور پر 300 کیسز سامنے آ چکے ہیں، اٹلی میں وائرس کے خطرے کے پیش نظر 11 ٹائونز میں لاک ڈائون کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ میں ہزاروں افراد کرونا کے ٹیسٹ کروا رہے ہیں جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر وائرس کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تو صرف برطانیہ میں 5 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔

کویت میں وائرس کے دو نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مزید تین افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، تینوں متاثرین کو علاج کیلئے خصوصی مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جان لیوا وائرس الجزائر، آسٹریا ، سوئٹزرلینڈ، کروشیا، سپین اور افغانستان میں بھی پہنچ گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک 40 سے زائد ممالک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غریب ممالک کرونا وائرس کے خطرے کی زد میں ہیں، غریب ممالک کو وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ عالمی ادارہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے بڑے پیمانے پر نمٹنے کیلئے تیار ہونا پڑے گا۔