بھارتی کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے نئی دہلی فسادات کا ذمہ دارمودی کو قرار دے دیا

متنازعہ شہریت کے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے بعد فسادات شروع ہوئے، دو دنوں کے دوران 23 افراد جاں بحق اور 250 زخمی ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو استعفیٰ دینا ہوگا، سونیا گاندھی

بدھ 26 فروری 2020 20:45

بھارتی کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے نئی دہلی فسادات کا ذمہ دارمودی ..
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) بھارتی کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے کہا ہے مودی نئی دہلی کے فسادات کا ذمہ دارہے، متنازعہ شہریت کے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے بعد فسادات شروع ہوگئے ، دو دنوں کے دوران 23 افراد جاں بحق اور 250 زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دہلی فسادات پر اپنے ردعمل میں سونیا گاندھی نے بھارتی دارلحکومت میں فرقہ ورانہ فسادات کا ذمہ دار بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فسادات ایک منظم سازش ہیں۔ انہوں نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجروال کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ بھی ان فسادات میں ملوث ہیں جنہوں نے نہ تو متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نہ ہی فسادات روکنے کے لئے کوئی اقدام اٹھایا بلکہ ان کی ہدایات پر پولیس آر ایس ایس کے غنڈوں کو تحفظ فراہم کرتی رہی اور انہیں تشدد کے طریقے سکھاتی رہی ، انتہا پسند ہندوئوں نے نئی دہلی میں مساجد اور مزارت کو جلایا اور مسلمانوں پر بد ترین تشدد کیا ۔

(جاری ہے)

سونیا گاندھی نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا ،کئی عالمی رہنمائوں اور شوبز و میڈیا انڈسٹری کی شخصیات نے بھی نئی دہلی میں ہونے والے فسادات میں مسلمانوں کے قتل عام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور جلد امن بحال کرنے پر زور دیا ہے ۔