وزیرآباد، ایکوئل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب

دس جوڑے رشتہٴ ازدواج میںبند ھ گئے،ہر دلہن کواڑھائی اڑھائی لاکھ روپے کا جہیز دیا گیا

جمعرات 27 فروری 2020 22:51

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) ایکوئل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب۔دس جوڑے رشتہٴ ازدواج میںبند ھ گئے۔ہر دلہن کواڑھائی اڑھائی لاکھ روپے کا جہیز دیا گیا۔معززین کی بڑی تعداد میں شرکت۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر وقار حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرگوجرانوالا امجد فاروق کلیر تھے۔

دیگر مہمانان میں جماعت اسلامی کے محمد مشتاق بٹ، محمد ناصر کلیر، سیٹھ محمد ندیم، حاجی محمد یونس، بہاولپور سے خاتون ایم پی اے حسینہ ناز، ملتان سے ملک محمد یوسف، افتخار حسین صدیقی، شاہد اقبال ، ارشد محمود سلیمی اور شیخ عامر شامل تھے۔پروگرام کے انتظامات کی نگرانی جنرل سیکریٹری صائمہ شہزادی، صدر میر محمد آصف، رانا شبیر حسین، محمد شہباز بھٹی، زبیر احمد ، حاجی طالب ملک، حاجی نذیر احمد ، حاجی تبارک علی۔

(جاری ہے)

محمد ندیم مغل، صابر حسین بٹ، محمد اقبال ارائیں، مرزا تقی علی، محمد سرور مہر، میا ں ارشد لال اور اسد فاروق میرنے کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وقار حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایکوئل ویلفیئر آرگنائزیشن کی سماجی خدمات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ضرورتمندوں کی مد د کرنا ایک عبادت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتظامیہ کی جانب سے اجتماعی شادیوں اور دیگر سماجی خدمات کے پروگراموں میں آرگنائزیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور باقاعدہ رابطے میں رہینگے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادی پروگرام ایک معاشی پروگرام ہے جس میں مخیر حضرات کھلے دل سے حصہ لیتے اور بیٹیوں کے مالی بوجھ کو تقسیم کرتے ہیں جو عین اسلامی ہے۔مخیر حضرات کا عمل قابل تعریف جس کا اجر صرف اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔ قبل ازیں آرگنائزیشن کے صدر میر محمد آصف نے تنظیم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے پروگرام پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں دس جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جن میں چار جوڑے مقامی جبکہ چھ باراتیں دیگر شہروں سے تعلق رکھتی ہیں۔ ہر دلہن کو کم و بیش اڑھائی اڑھائی لاکھ روپے کا جہیز دیا گیا جس میں بنیادی ضرورت کی تمام اشیاء شامل ہیں۔ جہیز میں ایک ایک بیڈ، بسترے، واشنگ مشینیں، سلائی مشینیں، کچن ویئر کا سامان اور ان سلے پارچات شامل تھے۔ قاری محمد اشرف نے نکاح پڑھائے۔ اس موقع پر 500مہمانوں کے لئے کھانے کا بندوبست کیا گیا تھا جس میںحاجی ملک طالب اورمحمد رفیق بھٹہ کی جانب سے خصوصی تعاون کیا گیا۔