کلرسیداں،ایم این اے صداقت علی عباسی نے کھلی کچہری لگائی گئی

جمعہ 28 فروری 2020 17:48

کلرسیداں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) ایم این اے و صدر پی ٹی آئی شمالی پنجاب صداقت علی عباسی قانون گو ساگری سرکل کے حوالے سے عتیق شادی ہال نزد منکیالہ کلرسیداں روڈ میں کھلی کچہری لگائی گئی جس میں ڈی سی راولپنڈی سی پی او اور تمام محکمہ جات کے ذمہ داران موجود تھے عوام کی کثیر تعداد کھلی کچہری میں شریک ہوئی اور سائلین نے اپنی شکایات پیش کی جس پر ایم این اے صداقت عباسی نے موقع پر احکامات جاری کیے سب سے زیادہ شکایات محکمہ مال کے خلاف تھیں اس موقع پر صداقت عباسی نے کہا کہ محکمہ مال اراضی ریکارڈ سینٹر روات میں جن لوگوں کے خلاف شکایات ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی انہوں نے پٹواریوں کو متنبہ کیا کہ جو پٹواری اپنے حلقے میں دفتر نہیں بنائے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس کو معطل کر دیا جائے گا تھانہ روات کی کارکردگی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے صداقت عباسی نے ایس ایچ او تھانہ روات ملک کاشف کو شاباش دی کہ انہوں نے روات اور اس کے گردونواح میں کرائم کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

بعد از اں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صداقت عباسی کا کہنا تھا عوامی شکایات کے ازالے کے لئے وہ گاہے بگاہے حلقے میں کھلی کچہری منعقد کر رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ٹاسک فورس بنا دی گئی ہیں جن کی نگرانی خود کریں گے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 57 کی ترقی کے لیے فنڈز کا اجراء ہورہا ہے اور علاقے کی تمام یونین کونسلز میں ترقیاتی کام مساوی بنیادوں پر ہو رہے ہیں۔