ہلالِ احمر کی 3روزہ وژن 2025ء ایکسرسائز اختتام پذیر

آئندہ پانچ سالوں کیلئے مربوط حکمت عملی طے، پارٹنر شپ میٹنگ جون میں ہوگی، ہلالِ احمر کو پائیدار اور مضبوط نیشنل سوسائٹی بنائیں گے، ابرار الحق

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 28 فروری 2020 18:24

ہلالِ احمر کی 3روزہ وژن 2025ء ایکسرسائز اختتام پذیر
اسلام آباد  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2020ء) ہلالِ احمر پاکستان نے اسٹرٹیجک پلان 2025ء کو مربوط بنانے کیلئے 3 روزہ ”ویژننگ ایکسرسائز“ کا اہتمام کیا۔ اِس ایکسر سائز میں نیشنل ہیڈکوارٹرز، تمام صوبائی برانچوں کے نمائندگان، موومنٹ پارٹنر، سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ تھائی لینڈ میں آئی ایف آرسی کے ہیڈ آف ڈیلی گیشن مسٹرکرسٹوفرراسی نے سہولت کار کے فرائض انجام دیئے۔

3 روزہ مشق کے دوران آئندہ پانچ سالوں کیلئے سٹرٹیجک فریم ورک اور ایکشن پلان مرتب کیا گیا۔ جسے جون 2020ء میں ہونے پارٹنر شپ میٹنگ میں پیش کیا جائے گا۔ اِس موقع پر چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرارالحق نے کہا کہ اجتماعی مقصد سٹرٹیجک فریم ورک اور ایکشن پلان کو مربوط بنانے کیلئے بنیادی کردار ادا کرے گا جو یقینا ہمارے ادارے کیلئے نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمت عملی اور ترجیحات ہلالِ احمر کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے سمت کا تعین کریں گے۔ اِس طرح ہلال ِاحمر ہر طرح کے حالات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتے ہوئے پائیدار ادارہ بنے گا۔ مذکورہ مقاصد کے حصول کیلئے ہلالِ احمر پاکستان، آئی سی آرسی، آئی ایف آرسی، نیشنل سوسائٹیز اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے تعاون کا بھی خواہاں ہے۔

انہوں نے ویژننگ ایکسرسائز کے شرکاء اور سہولت کاروں کے کردار کو سراہا۔ سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر پاکستان جناب خالد بن مجید نے سہولت کاروں اور شرکاء کے آئیڈیاز، تعاون،تجاویز اور آراء کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جون 2020ء میں منعقد ہونے والی پارٹنر شپ میٹنگ کیلئے ویژننگ ایکسرسائز سود مند ثابت ہوگی۔ صف ِ اوّل کی تنظیم ہونے کے ناطے ہلالِ احمر پاکستان قدرتی آفات کے دوران صف ِ اوّل میں ہوتا ہے، گزشتہ برس انسانی خدمت سے متعلق اقدامات پر خطیر بجٹ خرچ کیا گیا۔

اِس سے قبل جوائنٹ ڈائریکٹر آپریشن عبیداللہ خان نے ہلالِ احمر پاکستان کے جاری پروگراموں سے متعلق تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ویژننگ ایکسرسائز میں سندھ برانچ کے سیکرٹری کنور وسیم، پنجاب برانچ کے سیکرٹری محمدزاہد، خیبر پختونخوا کے سید علی حسن، بلوچستان برانچ کے سیکرٹری محمد ایوب، کے پی کے میں ضم کردہ قبائلی اضلاع برانچ کے سیکرٹری سعید کمال، آئی سی آر سی اور آئی ایف آر سی کے نمائندوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔ چیئرمین ہلال ِاحمر ابرار الحق نے سہولت کار کرسٹو فرراسی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔