ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان معرکہ اتوار کو ہوگا

گروپ بی کا اہم میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کھیلا جائے گا: عالیہ ریاض

ہفتہ 29 فروری 2020 14:47

ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان معرکہ ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری2020ء) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں یکم مارچ بروز اتوار کو سڈنی کے شوگراوٴنڈ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔گروپ بی میں شامل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستان وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا۔
جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم ایونٹ میں تاحال کھیلے گئے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر کے چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔


دوسری طرف قومی خواتین کرکٹ ٹیم تاحال ایونٹ میں 2 میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے ایک میں اسے کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف فتح سے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم سے میچ کے بعد پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو قدرے کمزور حریف تھائی لینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔


دوسری طرف جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف کامیابی کی صورت میں براہ راست سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان گذشتہ سال کھیلی گئی پانچ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 2-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے جیتا تھا۔
گذشتہ میچ میں انگلینڈ کے خلاف 33 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلنے والی عالیہ ریاض پرامید ہیں کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


عالیہ ریاض:
تجربہ کار آلراوٴنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی مگر وہ پرعزم ہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ٹیم کی کارکردگی میں واضح فرق دیکھا جاسکے گا۔
عالیہ ریاض نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ نے گذشتہ سال جنوبی افریقہ کو ان کے ہوم گراوٴنڈ پر کھیلی گئی سیریز میں ٹف ٹائم دیا تھا، لہٰذا قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ میں بھی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے میدان میں اترتے وقت پراعتماد ہوگی۔


تجربہ کار آلراوٴنڈر نے کہا کہ وہ اچھی فارم میں ہیں اور انہیں امید ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں وہ بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔
اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔


آفیشلز:
سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باوٴلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ)۔
شیڈول:
یکم مارچ بروزاتوار: پاکستان ویمنز بمقابلہ جنوبی افریقہ ویمنزبمقام سڈنی
3 مارچ بروزمنگل: پاکستان ویمنز بمقابلہ تھائی لینڈ ویمنزبمقام سڈنی