کراچی اوروفاقی علاقےمیں2 مزید کورونا وائرس کےمریضوں کی تصدیق ہوگئی

کورونا وائرس کے مریض حال ہی میں ایران سے آئے، کراچی میں 2 مریضوں سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہوگئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 29 فروری 2020 18:45

کراچی اوروفاقی علاقےمیں2 مزید کورونا وائرس کےمریضوں کی تصدیق ہوگئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری 2020ء) کراچی میں ایک اور کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہوگئی، کورونا وائرس کا مریض حال ہی میں ایران سے آیا ہے، کراچی میں 2 مریضوں سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ دوسرے تصدیق ہونے والے مریض کا تعلق وفاقی علاقے سے ہے۔ ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں ایک اور کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہوگئی ہے۔

جس کے بعد کراچی میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ جبکہ کراچی سمیت ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کو الگ رکھا گیا ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے کہا کہ ہمیں کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا ہے۔ کورونا وائرس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں احتیاط کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کورونا وائرس سے متعلق ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔

صوبائی حکومتوں سے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے۔ ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس3 گھنٹے جاری رہا۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں، چیف سیکرٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد4 ہوگئی۔ پہلے رپورٹ ہونیوالے دونوں مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران جانے والے زائرین کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔ ایران سے فلائٹ آپریشن مناسب وقت پرشروع کریں گے۔ دوسری جانب محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے ایسے تمام خاندانوں کو جن کے کسی بھی فرد یا بچے کو گھر میں یا کسی ہسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ کم ازکم اس روز جس روز وہ پاکستان لوٹے ہیں سے لے کر 14 دن تک اپنے بچوں کو اسکول نہ بھجیں۔

محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے یہ ہدایات کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے جاری کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ روزانہ کی بنیاد پر اس سلسلے میں متعلقہ وزارتوں کی اجلاس کی صدارت بھی کر رہے ہیں جن میں کورونا وائرس ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔مندرجہ بالا ہدایات بھی سندھ کے وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد جاری کی گئی ہیں۔