چین میں کرونا وائرس سے مزید 42افرادہلاک،دنیابھر میں ہلاکتوں کی تعداد3000سے متجاوز

جاپان، تھائی لینڈ، ایران اور عراق میں سکول اور یونیورسٹیاں عارضی بند، امریکی شہروں سان ڈیاگو اور سان فرانسسکو میں ایمرجنسی نافذ فیس بٴْک نے مارچ میں ہونے والی ایک سالانہ مارکیٹنگ کی کانفرنس منسوخ کر دی ،سان فرانسسکو میں ہونے والی دنیا کی بڑی سائبرسکیورٹی کانفرنس میں سے بڑے سپانسر اور نمائش کنندگان کا حصہ لینے سے انکار

پیر 2 مارچ 2020 15:23

چین میں کرونا وائرس سے مزید 42افرادہلاک،دنیابھر میں ہلاکتوں کی تعداد3000سے ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2020ء) چین کی جانب سے 42 نئی ہلاکتوں کی تصدیق کی بعد دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ ہونے والی اموات کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مابق وائرس دنیا میں پھیلنے کے بعد چین کے علاوہ دس ممالک میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں اٹلی میں 30 اور ایران میں اب تک 50 کی تصدیق ہوئی ہے۔

عالمی طور پر اب تک کورونا وائرس کے 90 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں اور چین سے باہر یہ زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔جاپان، تھائی لینڈ، ایران اور عراق جیسے ممالک میں سکول اور یونیورسٹیاں عارضی طور پر بند کر دی گئیں۔امریکہ اور برطانیہ میں سکول بند کرنے کی تجویز نہیں دی لیکن برطانیہ میں چار سکولوں نے گہری صفائی کے پیشِ نظر تمام کلاسیں منسوخ کر دیں کیونکہ سکول کے طلبا اٹلی سے سکیئنگ کر کے واپس آئے تھے۔

(جاری ہے)

ایسے والدین جنھوں نے حال ہی میں اپنے بچوں سمیت ایران، چین، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، جنوب مشرقی ایشیا اور شمالی اٹلی کا سفر کیا ہے، انھیں گھر رہنے اور بچوں کو سکول نہ بھیجنے کی تاکید کی گئی ہے۔امریکی شہروں سان ڈیاگو اور سان فرانسسکو میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کمپنی میں آنے والے ملاقاتیوں کے ساتھ ہاتھ نہ ملائیں۔

فیس بٴْک نے مارچ میں ہونے والی ایک سالانہ مارکیٹنگ کی کانفرنس منسوخ کر دی ہے اور سان فرانسسکو میں ہونے والی دنیا کی بڑی سائبرسکیورٹی کانفرنس میں سے بڑے سپانسر اور نمائش کنندگان نے حصہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے ہدایت نامہ جاری کیا جس میں آجروں کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ ملازمین کے گھر سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کریں خاص طور پر اگر انھیں بخار ہو یا سانس کی تکلیف جیسی علامات ہوں۔