ترک فوج کا شام میں پوری قوت سے حملہ، جدید ترین 2 روسی جنگی طیارے مار گرائے

اربوں ڈالرز کا میزائل دفاعی نظام بھی تباہ کر ڈالا، 2 روز کے دوران مزید 93 شامی فوجیوں کو ہلاک کر دیے جانے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی پیر 2 مارچ 2020 21:15

ترک فوج کا شام میں پوری قوت سے حملہ، جدید ترین 2 روسی جنگی طیارے مار ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ2020ء) ترک فوج کا شام میں پوری قوت سے حملہ، جدید ترین 2 روسی جنگی طیارے مار گرائے، اربوں ڈالرز کا میزائل دفاعی نظام بھی تباہ کر ڈالا، 2 روز کے دوران مزید 93 شامی فوجیوں کو ہلاک کر دیے جانے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ 2 روز کے دوران شامی صوبے ادلب میں ترک فوج نے بھرپور قوت سے پے درپے حملے کر کے شامی فوج کو ٹھیک ٹھاک نقصان کیا ہے۔

ترک فضائیہ اور زمینی فوج کی کاروائیوں میں روس کی جانب سے شامی فوج کو دیے گئے 2 جدید ایس یو 24 جنگی طیارے مار گرائے گئے جبکہ اربوں ڈالرز کا روسی ساختہ میزائل دفاعی نظام بھی تباہ کر دیا گیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ترکی کی جانب سے شام کے صوبہ ادلب میں کیے گئے تازہ ڈرون حملوں میں کم از کم 19 شامی فوجی ہلاک ہو گئے ۔

(جاری ہے)

 ترک فوج نے تازہ حملوں میں ایک فوجی کانوائے اور ایک آرمی بیس کو نشانہ بنایا ، 7 فروری سے اب تک 93 شامی فوجی اور دمشق نواز جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

ترک فوج کی کاروائیوں میں شامی فوج کے درجنوں ٹینک، گاڑیاں اور دیگر بھاری ملٹری ساز و سامان بھی تباہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ترکی کے ان حملوں میں شامی فوج کا ساتھ دینے والی حزب اللہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ 2 روز کے دوران شام میں کشیدہ حالات اور اس کے تناظر میں پیش آئے حالیہ واقعات نے ترکی اور روس کے تعلقات کو کشیدہ کیا ہے۔ اس تمام صورتحال میں ترک صدر کا کہنا ہے کہ ان کی فوج شامی عوام کی جانب سے بلائے جانے پر شام میں داخل ہوئی ہے، اور بشارالاسد کی فوج کیخلاف لڑائی جاری رکھے گی۔