افغان امن معاہدہ ہونے کے محض 2 روز بعد افغانستان میں فٹبال میچ کے دوران خوفناک دھماکہ

صوبہ خوست میں واقع فٹ بال اسٹیڈیم میں ہوئے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے

muhammad ali محمد علی منگل 3 مارچ 2020 00:01

افغان امن معاہدہ ہونے کے محض 2 روز بعد افغانستان میں فٹبال میچ کے دوران ..
خوست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ2020ء) افغان امن معاہدہ ہونے کے محض 2 روز بعد افغانستان میں فٹبال میچ کے دوران خوفناک دھماکہ، صوبہ خوست میں واقع فٹ بال اسٹیڈیم میں ہوئے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 2 روز قبل طے پائے افغان امن معاہدے کے بعد افغانستان میں تشدد کا پہلا واقعہ پیش آیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز افغانستان کے صوبہ خوست میں فٹ بال میچ کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے بم موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھا۔ تاہم تاحال کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ جبکہ واضح رہے کہ دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے متنازعہ بیانات کے بعد افغا طالبان نے افغان فورسز کیخلاف کاروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

طالبان کے ذرائع نے کہا ہے کہ افغان امن معاہدے کیلئے 7 روزہ عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، اب اس کا دورانیہ ختم ہو گیا ہے، جبکہ معاہدے کا اطلاق افغان فورسز کیخلاف کاروائی پر نہیں ہوتا اس لیے ان کیخلاف دوبارہ سے کاروائیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ترجمان افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ہمارے جنگجو غیر ملکی افواج کو نشانہ نہیں بنائیں گے البتہ افغان فورسز کیخلاف ہماری کارروائیاں جاری رہیں گے۔

جبکہ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے امریکا اور طالبان معاہدے کے تحت قیدیوں کو رہا نہ کرنے کے اعلان کے بعد طالبان نے بین الافغان مذاکرات میں بھی شرکت نہ کرنے فیصلہ کرلیا ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی تک انٹرا افغان مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر ہمارے 5000 قیدی جن میں سے 100 یا 200 کم یا زیادہ یہ معنی نہیں رکھتا، اگر ان کو رہا نہ کیا گیا تو مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔