نیب کا شہبا زشریف کیخلاف انکوائری بند کرنے کا فیصلہ

سابق وزیراعلیٰ کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا، 12 پلاٹوں کی انکوائری میں نامزد زیادہ تر افراد انتقال کر چکے : نیب

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 3 مارچ 2020 10:35

نیب کا شہبا زشریف کیخلاف انکوائری بند کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائںٹ اخبار تازہ ترین 03 مارچ 2020ء ) نیب نے سابق وزیراعلیٰ و رہنما مسلم لیگ ن شہبا زشریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب کے ریجنل بورڈی کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہبا زشریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کردی جائے گی۔ پلاٹوں کی تحقیقات ٹیم نے موقف اختیار کیا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف کوئی ثبوت نہ مل سکا، انکوائری میں نامزد زیادہ تر افراد انتقال کرچکے ہیں۔

نیب ریجنل بورڈ نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کو انکوائری بند کرنے کے لئے تجویز بھیج دی ہے۔ یہ بات بھی قابل غور رہے کہ شہباز شریف کے سیکریٹری جاوید محمود ، میاں عطااللہ میاں رضا اور دیگر سرکاری افسر اس کیس میں نامزد کئے گئے تھے۔ کیس کا آغاز 2000ء میں کیا گیا اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ شہباز شریف نے خلاف قوانین من پسند افراد کو پلاٹ دے کر نوازا۔

(جاری ہے)

تاہم شہباز شریف کے خلاف کوثبوت سامنے نہ آسکا ۔ جس کے بعد نیب نے سابق وزیراعلیٰ شہبا زشریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ واضح رہے 25 ستمبر 2019ء کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ جس میں ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل، آپریشنز اور پراسیکیوشن حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف کرپشن کیس میں انکوائری تیز کرنے کی منظوری دے دی گئی تھی ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر اوقاف اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔ اجلاس میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب شیر علی گورچانی کے خلاف بھی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایڈن ہاوٴسنگ اسکینڈل میں ڈاکٹر امجد کے خلاف ریفرنس کی بھی منظوری دے دی گئی، جن کے خلاف ہاوٴسنگ سوسائٹی کے نام پر عوام سے 25 ارب کے فراڈ کرنے کا الزام ہے۔