پاکستان ریلوے نے کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا

رعایتی کرایے کا اطلاق اے سی کلاس کے ٹکٹس پر ہوگا، آفر 9 مارچ سے لے کر 8 مئی تک کی مدت کے درمیان حاصل کی جا سکتی ہے

جمعرات 5 مارچ 2020 00:58

پاکستان ریلوے نے کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2020ء) پاکستان ریلوے نے کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا، رعایتی کرایے کا اطلاق اے سی کلاس کے ٹکٹس پر ہوگا، آفر 9 مارچ سے لے کر 8 مئی تک کی مدت کے درمیان حاصل کی جا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے لوگوں کو ریلوے کے سفر کی جانب راغب کرنے اور خسارا کم کرنے کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کیلئے 9مارچ سے لے کر 8مئی تک اے سی بزنس اور اے سی سٹینڈرڈ کے کرایوں میں 10فیصد سے لے کر 25فیصد تک رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے ترجمان کے مطابق اگر کوئی مسافر اس دوران بیک وقت آنے اور جانے کی ٹکٹ خریدتا ہے تو اس کو 25فیصد رعایت دی جائے گی، اگر ایک طرف کی ٹکٹ خریدتا ہے تو اس کو 10فیصد رعایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ کرایوں میں کمی صرف ایڈوانس بکنگ پر حاصل ہوگی۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ عوام کو یہ سہولت ملت ایکسپریس، عوام ایکسپریس ،رحمان بابا، کراچی ایکسپریس ، بزنس ایکسپریس ، شالیمار ایکسپریس ، شاہ حسین ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس ، سندھ ایکسپریس، بہاوالدین ذکریا ایکسپریس ، گرین لائن ، موسیٰ پاک ، ملتان ایکسپریس، مہر ایکسپریس، تھل ایکسپریس، فیصل آبادایکسپریس، فیصل ایکسپریس، سبک رفتار، سبک خرام، راوال ایکسپریس اور اسلام آباد ایکسپریس پر حاصل ہو گی۔