وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس،

کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 5 مارچ 2020 13:16

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاق‘ صوبے اور تمام ادارے مکمل تیار ہیں‘ تمام زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جارہی ہے‘ سب کو ملکر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا‘ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ کی گئی ہے‘ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

جمعرات کو ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ ‘ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ ‘ پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ماہرین شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجود صورتحال میں ملک میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاق ‘صوبے اور تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تمام زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جارہی ہے ‘ گزشتہ روز 21 ہزار 360 مسافروں کی سکریننگ کی گئی جبکہ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ ہوئی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، اس حوالے سے ہسپتالوں میں علیحدہ کمرے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ملک میں صرف 5کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔اس موقع پر وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا کہ ہر کسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ‘چند لوگوں کو ماسک پہننا چاہیے جن میں کورونا وائرس کی بیماری کے شکار افراد اور ڈاکٹرز اور صحت کا عملہ جو کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہو یا سخت کھانسی یا نزلہ زکام کے شکار افراد کو ماسک پہننا چاہئے۔